انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں، چیف الیکشن کمشنر بلوچستان
کو ئٹہ ( آ ئی این پی)صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے ملاقات کی اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان زاہد سلیم اور کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری سلمان چوہدری بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران آئندہ عام انتخابات میں سیکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں الیکشن کے پر امن انعقاد کے لئے سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ پلان تیار کی جا رہی ہے ،پر امن اور شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گے چیف سیکریٹری بلوچستان نے صوبائی الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے الیکشن کے پر امن انعقاد کے لئے بھر پور تعاون کریں گے۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لیئے الیکشن کمیشن مکمل طور پر تیار ہے انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گاڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اور ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔جن علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے پولنگ اسٹیشنز متاثر ہوئے انکی مرمت کو یقینی بنایا جائے۔