بلوچستان کے 28 سرکاری محکموں میں سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن شروع

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا عمل تیز کرنے اور سرکاری معاملات میں غیر ضروری تاخیر ختم کرکے بروقت فیصلوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری میں بہتری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری محکموں میں ڈیجیٹل اصلاحات اور حکومتی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے نفاذ کے بعد سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا آغاز کیا گیا ہے۔بریفنگ کے مطابق سرکاری محکموں میں اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جاچکی ہیں، اجلاس کو بتایا گیا کہ سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی آئے گی اور فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری پیدا ہوگی، جس سے حکومتی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرکاری امور میں ڈیجیٹل نظام کے استعمال سے شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ ملے گا، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تمام متعلقہ محکموں کی مؤثر معاونت یقینی بنائی جائے اور سرکاری معاملات کو جدید نظام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکردگی میں بہتری کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ مؤثر ڈیجیٹل نظام اپنانا ہوگا، سرکاری امور میں آسانی، تیز رفتار فیصلہ سازی اور عوامی سہولت ڈیجیٹل اصلاحات کے بنیادی مقاصد ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی اور حکومتی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P