خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی تجویز پر شہریوں کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی۔
سعودی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریلیف پیکج سے متعلق ہدایات ‘سعودی انرجی’ اور ‘نیشنل واٹر کمپنی’ کی جانب سے یکم جنوری 2027 سے بجلی اور پانی کے استعمال کے نرخوں میں تبدیلی کے اعلان کے ساتھ ہی جاری کی گئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ان امدادی اقدامات کے تحت سول سروس کے تنخواہوں کے اسکیل اور آپریشنل پروگرام کے معاہدوں کے تحت کام کرنے والے تمام سول اور فوجی اہلکاروں کے لیے 500 سعودی ریال ماہانہ الاؤنس کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ریٹائرڈ ملازمین اور وفات پا جانے والے ملازمین یا پنشنرز کے اہل ورثاء بھی اس اضافے سے مستفید ہوں گے۔
بجلی اور پانی کے ٹیرف میں ردوبدل کے معاشی اثرات کو کم کرنے کے لیے منظور شدہ طریقہ کار کے تحت سوشل سیکیورٹی کی امداد حاصل کرنے والے خاندانوں کو بھی 500 ریال کا ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
مزید برآں نجی شعبے میں کام کرنے والے سعودی شہریوں کے روزگار کو تحفظ دینے کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت’نطاقات’ سعودائزیشن پروگرام کے کوٹے میں مکمل طور پر شمار ہونے کے لیے ایک کارکن کی کم از کم اجرت کی حد کو بڑھایا جائے گا۔
ان اقدامات کے نفاذ کے 6 ماہ بعد کم از کم اجرت 5 ہزار ریال اور اس پہلے اضافے کے 12 ماہ بعد6 ہزار ریال کر دی جائے گی جس کا مقصد شہریوں کی تنخواہوں کی سطح کو بہتر بنانا اور نجی شعبے میں پائیدار روزگار کو مستحکم کرنا ہے۔