وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہماری پوری کوشش تھی کہ صوبے میں ایمرجنسی کا نفاذ نہ ہوئے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مسئلے پر صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون اور مذاکرات کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تاہم صوبے میں ایپکس کمیٹی کے قیام کے لیے بھی انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اُنہوں نے کہا کہ بعض معاملات کی وضاحت کرنا ضروری ہے، رواں سال فروری میں پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، تاہم خیبرپختونخوا میں ایپکس کمیٹی بنوانے کے لیے شدید مشکلات پیش آئیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پوری کوشش کی کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے معاملے پر تعاون کرے، اس مقصد کے لیے بات چیت اور مذاکرات کی ہر ممکن کوشش کی گئی، کیونکہ حکومت کی خواہش تھی کہ معاملات افہام و تفہیم کے ذریعے حل ہوں۔