کوہلو (آن لائن) بلوچستان کے ضلع کوہلو میں محکمہ لائیو اسٹاک کا واحد ڈیری فارم شدید خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث وہاں تعینات عملے اور موجود جانوروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق 1984 میں قائم ہونے والے اس ڈیری فارم کی عمارت گزشتہ کئی دہائیوں سے مرمت سے محروم ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق قیام سے لے کر آج تک عمارت کی مرمت یا بحالی کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ فنڈز فراہم نہیں کیے گئے، جس کے باعث عمارت کی حالت دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ضلع کا واحد ڈیری فارم ہے، تاہم اس کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے نہ صرف عملہ مشکلات کا شکار ہے بلکہ جانوروں کی دیکھ بھال بھی متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے صوبائی حکومت اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈیری فارم کی عمارت کی مرمت اور بحالی کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ عملے کو بہتر سہولیات میسر آئیں، جانوروں کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جا سکے اور دودھ کی پیداوار و فراہمی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
You might also like
