پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کی لندن میں منعقدہ برٹش ایشین ٹرسٹ کی ایک تقریب میں برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سے ملاقات ہوئی۔
لندن میں منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے تقریب کے دوران برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سے ہونے والی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔ ماہرہ خان کے مطابق شاہ چارلس کے ساتھ ان کی نہایت خوشگوار اور بامعنی گفتگو ہوئی، جس میں انہوں نے برٹش ایشین ٹرسٹ کے ساتھ جاری سماجی اور فلاحی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ شاہ چارلس نے ان کے سماجی کاموں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اداکارہ کے بقول شاہ چارلس ایک خوش اخلاق اور متاثر کن شخصیت کے مالک ہیں، جو مختلف سماجی منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ چارلس ان سے مسلسل یہ جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ مختلف منصوبے کس طرح آگے بڑھ رہے ہیں اور وہ معاشرتی شعبے میں کن سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔ ماہرہ خان کے مطابق یہ ملاقات ان کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوئی، جس میں ذہنی صحت اور سماجی بہبود جیسے اہم موضوعات پر مفید گفتگو ہوئی۔
ماہرہ نے یہ بھی کہا کہ ذہنی امراض کو دیگر جسمانی بیماریوں کی طرح سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ہراسانی اور تشدد جیسے مسائل تشویشناک ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے اجتماعی سوچ میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قانون توڑنے والوں اور تشدد میں ملوث افراد کو مثال بنایا جانا چاہیے تاکہ معاشرے میں مثبت پیغام جائے۔