ایرانی وزارتِ خارجہ نے امریکا پر جنوبی صوبے ہرمزگان میں حملے کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ حالیہ کارروائیاں خطے کی صورتحال کو مزید کشیدہ کر سکتی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ نے منگل کو جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے پیر کے روز جنوبی ایران میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں بارودی سرنگیں بچھانے کی مبینہ کوشش کرنے والی کشتیاں اور میزائل لانچنگ سے متعلق مقامات شامل تھے، جبکہ امریکی حکام نے ان کارروائیوں کو دفاعی نوعیت کی کارروائیاں قرار دیا ہے۔
ادھر ایرانی میڈیا نے منگل کی صبح صوبہ ہرمزگان کے شہر بندرعباس میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات بھی دی تھیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہرمزگان میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔ وزارت کے مطابق ایران ان اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تمام صورتحال اور نتائج کا ذمہ دار امریکی حکومت کو سمجھتا ہے۔