بنگلادیش کی پاکستان کے خلاف چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔ ڈھاکا ٹیسٹ کے چوتھے روز پہلے بارش کے باعث کھیل متاثر رہا اور پھر کم روشنی کی وجہ سے وقت سے پہلے ختم کردیا گیا۔ دن کے اختتام تک بنگلادیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنالیے ہیں اور اسے 179 رنز کی برتری حاصل ہے۔
کپتان نجم الحسن شنتو 58 اور مشفق الرحیم 16 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں جبکہ مومن الحق 56، شادمان اسلام 10 اور محمود الحسن جوئے 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ بنگلادیش نے پہلی اننگز میں 413 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 386 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔