اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی بدلتی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی صدر اور برادر عوامِ ایران کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد پیش کی۔ ایرانی صدر نے بھی پرتپاک انداز میں مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک، موجودہ کشیدگی کے تناظر میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور متاثرین کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے خلیجی خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ ممالک پر زور دیا کہ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور مذاکرات و سفارتکاری کو ترجیح دی جائے تاکہ مسائل کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔
اس موقع پر انہوں نے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں باہمی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت کو پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا