طالبان رجیم کی جانب سے بگرام ایئربیس پر فوجی سازوسامان اور جنگی طیاروں کی تیاری سے متعلق کیے جانے والے دعوؤں کا پول کھل گیا ہے۔ ایک امریکی جریدے کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر اور دستیاب شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ بگرام ایئربیس پر طالبان کی جانب سے کسی قسم کی جنگی طیاروں یا بکتربند گاڑیوں کی تیاری نہیں کی جا رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طالبان نے ناکارہ اور غیر فعال طیاروں اور بکتربند گاڑیوں کو محض رنگ و روغن کرکے رن وے پر کھڑا کر رکھا ہے، تاکہ انہیں فعال عسکری صلاحیت کے طور پر پیش کیا جا سکے۔
امریکی جریدے کے مطابق طالبان نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے کے لیے جنگی مشقوں، طیاروں کی مبینہ مرمت اور عسکری پریڈز کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، تاہم زمینی حقائق ان دعوؤں کی تردید کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام اقدامات عالمی رائے عامہ کو متاثر کرنے اور اپنی عسکری طاقت کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی کوشش ہیں، جن کی عملی طور پر کوئی حقیقت موجود نہیں۔