پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان قرض پروگرام کے جائزے پر معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت پاکستان کو 1.2 ارب ڈالرز ملیں گے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پاکستان کو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلیٹی (EFF) کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالرز جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلیٹی (RSF) کے تحت 20 کروڑ ڈالرز فراہم کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سماجی شعبے کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں اضافہ کرکے غربت میں کمی کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔
آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق تعلیم، صحت اور معاشی اصلاحات کے شعبوں میں وفاق اور صوبوں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان کا مالیاتی خسارہ گزشتہ 14 سال کی بہترین سطح پر ہے۔