لاہور ٹیسٹ کے دلچسپ اور سنسنی خیز تیسرے دن کا کھیل ختم ہو گیا، پہلے میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 8 وکٹیں جبکہ جنوبی افریقہ کو 226 رنز درکار ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 277 رنز کا ہدف دیا، تیسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنا لیے ہیں، پروٹیز بیٹر ریان ریکلٹن 29 اور ٹونی ڈی زورزی 16 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
اس سے قبل دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم محض 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا۔
سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 269 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، اسپنر نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
تیسرے روز پاکستان نے 109 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے امام الحق اور شان مسعود بالترتیب صفر اور 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 64 کے مجموعی اسکور پر گری، عبداللہ شفیق 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بابراعظم کی ہمت بھی 42 رنز بنانے کے بعد جواب دے گئی۔
پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے سعود شکیل نے دوسری اننگز میں 38 رنز بنائے اور وہ 150 کے مجموعے پر متھوسوامی کا شکار بنے، محمد رضوان 14، سلمان علی آغا 4، شاہین آفریدی صفر، نعمان علی 11 اور ساجد خان ایک رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی آخری 5 وکٹیں محض 17 رنز کے اضافے سے گریں اور پوری ٹیم محض 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے متھوسوامی نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں، سمون ہارمر کے حصے میں 4 وکٹیں آئیں، ایک وکٹ کاگیسو ربادا نے حاصل کی۔