وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبر باجوڑ اور وزیرستان میں بدامنی افسوسناک ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات، کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں خصوصی دعوت پر ضلع باجوڑ، خیبر اور شمالی وزیرستان کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی، صوبے خصوصاً ضم اضلاع میں امن کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کو موجودہ سکیورٹی چیلنجز کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سویلینز، پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف مل جل کر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کارروائیوں میں عوام کے بھر پور اعتماد حاصل کرنے کے لئے اقدامات پر اتفاق کیا۔