آسٹریلیا کیخلاف ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ ٹیم صرف 27 رنز پر ڈھیر – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

آسٹریلیا کیخلاف ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ ٹیم صرف 27 رنز پر ڈھیر

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف کنگسٹن میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں صرف 27 رنز پر ڈھیر ہو گئی، یہ 70 سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔

جمیکا میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم تیسرے روز محض 27 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

تیسرے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ بھی مکمل کرلیا۔

تیسرے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں حیران کن طور پر ویسٹ انڈیز کے 7 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جن میں سے 4 کھلاڑی گولڈن ڈک یعنی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے، آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

مچل اسٹارک اس شاندار کارکردگی کے ساتھ نہ صرف اپنے 100ویں ٹیسٹ کو یادگار بنانے میں کامیاب رہے بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی دو مرتبہ 30 رنز پر آل آؤٹ ہو چکی ہے لیکن ویسٹ انڈیز کا یہ اسکور اب تاریخ کا دوسرا کم ترین ٹیسٹ اسکور بن چکا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.