پاکستان بزنس کونسل کا مشاورت کے بغیر نئی صنعتی پالیسی کی منظوری پر حیرت کا اظہار – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پاکستان بزنس کونسل کا مشاورت کے بغیر نئی صنعتی پالیسی کی منظوری پر حیرت کا اظہار

پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) نے وفاقی حکومت کی جانب سے ملک کے اہم صنعتی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر نئی صنعتی پالیسی کی منظوری پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

یہ پالیسی ملک کے بحران زدہ صنعتی شعبے کو بحال کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے، جمعہ کے روز وزیر اعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی برائے صنعتی پالیسی کے اجلاس میں اسے حتمی شکل دی گئی، یہ فیصلہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت طویل صنعتی جمود سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کی فوری ضرورت محسوس کر رہی ہے۔

ہفتہ کے روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان، کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں پی بی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) احسن ملک نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے کونسل کی دیرینہ سفارش کو تسلیم کرتے ہوئے ایسی صنعتی پالیسی تیار کی ہے، جو سرمایہ کاری کو ان شعبوں کی طرف راغب کرے، جہاں پاکستان کو تقابلی برتری حاصل ہے یا حاصل کی جا سکتی ہے، لیکن اس پالیسی کی تیاری میں کونسل کو شامل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ معاون خصوصی کے حالیہ دورہ پی بی سی کے دفتر کے دوران دونوں فریقین نے ایسی پالیسی کی ضرورت پر تفصیل سے بات کی تھی، اور کونسل نے اس کی تشکیل میں تعاون کی پیشکش بھی کی تھی، تاہم انہوں نے کہا کہ کونسل کو تاحال منظور شدہ پالیسی نہیں دکھائی گئی اور انہوں نے درخواست کی کہ اسے پی بی سی کے ساتھ شیئر کیا جائے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.