پاکستان کا پہلے حکومتی بٹ کوائن اسٹریٹجک ریزرو کا اعلان – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پاکستان کا پہلے حکومتی بٹ کوائن اسٹریٹجک ریزرو کا اعلان

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو بلال بن ثاقب نے پاکستان کے پہلے بٹ کوائن اسٹریٹجک ریزرو کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اب صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک ڈیجیٹل تحریک ہے جس کی قیادت نوجوان کر رہے ہیں، پاکستان تیار ہے اور آگے بڑھنے کو بے تاب ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین اور کرپٹو کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے وزیر برائے کرپٹو اور بلاک چین اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب نے لاس ویگاس میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی موجودگی میں باوقار بین الاقوامی حاضرین کے سامنے بِٹ کوائن ویگاس 2025 کانفرنس میں ایک مؤثر کلیدی خطاب کیا اور ملک کے پہلے حکومتی سطح پر قائم کردہ اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کا اعلان کیا۔

 

 

بیان کے مطابق یہ صرف ایک پالیسی لمحہ نہیں تھا یہ ایک قومی تشخص کی نئی تعمیر تھی، بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان اب اپنے ماضی کی شناخت سے باہر آچکا ہے، یہ ایک ایسے مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے جو ڈیجیٹل جدت سے بھرپور ہے، جسے نوجوان قوت بخش رہے ہیں، جسے مشکلات نے نکھارا ہے اور ٹیکنالوجی سے واقف نئی قیادت اس کی رہنمائی کررہی ہے۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ میں صرف ایک وزیر کے طور پر یہاں نہیں ہوں، میں ایک نسل کی آواز کے طور پر یہاں ہوں، ایک نسل جو آن لائن ہے، آن چین ہے اور جسے روکا نہیں جاسکتا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے اعلان کیا کہ ایک قومی بٹ کوائن والٹ قائم کیا جا چکا ہے جس میں وہ ڈیجیٹل اثاثے موجود ہیں جو پہلے ہی ریاست کی تحویل میں ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو یہ اثاثے برائے فروخت ہیں اور نہ ہی قیاس آرائی کے لیے استعمال ہوں گے بلکہ ایک خودمختار ذخیرے کے طور پر موجود رہیں گے، جو کہ مستحکم مالیات پر طویل مدتی اعتقاد کی علامت ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.