بلاول کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو وزارت خارجہ میں بریفنگ دیے جانے کا امکان – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

بلاول کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو وزارت خارجہ میں بریفنگ دیے جانے کا امکان

اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں پاک بھارت جنگ کے حوالے سے دوست ممالک کے دورے کرنے اور پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطح کی سفارتی کمیٹی کو آج شام بریفنگ دیے جانے کا امکان ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بلاول بھٹو زرداری کی زیرقیادت اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی تھی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی عالمی برادری کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کرے گی، اس کمیٹی کو وزارت خارجہ میں پاک بھارت جنگ پر آج شام بریفنگ دی جائے گی۔

کمیٹی جلد یورپی ممالک کے دورے شروع کرے گی، اور عالمی برادری کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کرے گی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کمیٹی ارکان کو بریفنگ کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، بریفنگ بنیادی طور پر بھارت کی حالیہ جارحیت، پاکستان کے دفاعی اقدامات اور تصادم کے بعد کی صورتحال پر دی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ خرم دستگیر خان، حنا ربانی کھر اور جلیل عباس جیلانی، طارق فاطمی اور دیگر بریفنگ میں شریک ہوں گے۔

وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی اعلیٰ سطح کی کمیٹی میں بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سابق وزرائے خارجہ بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل، مودی سرکار کی جانب سے جنگی محاذ کے ساتھ خارجہ اور سفارتی سطح پر ناکامی کے بعد ارکان پارلیمنٹ کا وفد مختلف ممالک میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بھارت کے ارکان پارلیمنٹ مختلف ممالک کے سامنے جنوبی ایشیا کی صورتحال میں بھارت کی پوزیشن واضح کرنے کی کوشش کریں گے۔

بھارتی رکن پارلیمنٹ ششی تھرور وفد کی قیادت کریں گے، ان کے علاوہ سمیک بھٹاچاریہ، انوراگ ٹھاکر، منیش تیواری، امر سنگھ، پرینکا چترویدی، سمبیت پاترا، سپریا سولے، شریکانت شندے اور ڈی پورندیشوری شامل ہیں۔

بھارتی ارکان پارلیمنٹ کا وفد امریکا، برطانیہ، جنوبی افریقہ، قطر اور متحدہ عرب امارات جیسے اہم ممالک کا سفر کرے گا، مودی سرکار 70 ملکوں کے اتاشیوں کو بھی صفائی پیش کرے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.