خضدار (آن لائن) ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں غیر معیاری اور غیر قانونی ادویات کی روک تھام کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائی کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر DHO خضدار کی تشکیل کردہ خصوصی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم میڈیکل اسٹورز کا اچانک معائنہ کیا۔ کارروائی میں ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر رشید مینگل اور فارماسسٹ ڈاکٹر نوید احمد ساسولی نے حصہ لیا، جبکہ دیگر متعلقہ عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔ ٹیم نے شہر کے اہم مقامات، بالخصوص سنگم کے علاقے میں واقع بڑی فارمیسی سمیت متعدد میڈیکل اسٹورز کی تفصیلی جانچ پڑتال کی۔ یہ کارروائی عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی، جن میں بعض میڈیکل اسٹورز پر غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت سے متعلق خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔ ان شکایات کے پیش نظر ٹیم نے ڈرگ سیل لائسنس، ادویات کے معیار، اسٹوریج کے طریقہ کار اور ریکارڈ کی باقاعدہ جانچ کی۔
You might also like